شاپنگ مالز اور مارکیٹیں بند ! تاجر برادری کا اوقات کار سے متعلق بڑا اعلان

تاجر برادری نے حکومت کے ‘اسمارٹ لاک ڈاؤن’ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رات ساڑھے 8 بجے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں بند کرنے کے لیے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں توانائی کی بچت اور فیول کرائسس سے نمٹنے کے لیے کراچی کی تاجر برادری نے حکومت کے ممکنہ لاک ڈاؤن اور کاروباری اوقات میں تبدیلی کی مکمل حمایت کر دی ہے۔

چیئرمین سندھ تاجر اتحاد اور صدر آل صدر الائنس آف مارکیٹ اینڈ مال ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ ملکی مفاد میں تاجر برادری حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

چیئرمین سندھ تاجر اتحاد شیخ حبیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے توانائی کی بچت کے لیے کیے جانے والے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاق اور سندھ حکومت رات 8 بجے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو تاجر برادری اس کے سامنے سرِ تسلیم خم کرے گی، یہ اقدامات ملک کو درپیش توانائی کے بحران سے نکالنے کے لیے ضروری ہیں۔

صدر آل صدر الائنس آف مارکیٹ اینڈ مال ایسوسی ایشن فہیم نوری نے ‘اسمارٹ لاک ڈاؤن’ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری رات ساڑھے 8 بجے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں بند کرنے کے لیے تیار ہے۔

دنیا اس وقت حالت جنگ میں ہے اور ہمیں سیاسی اختلافات بھلا کر صرف ملک کا سوچنا ہوگا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ فیول کرائسس کے خاتمے تک مارکیٹ کے مقررہ اوقات میں ہی خریداری کی عادت ڈالیں۔

تاجر رہنماؤں کا متفقہ طور پر کہنا ہے کہ ایندھن اور بجلی کی بچت سے ہی معیشت کو سہارا دیا جا سکتا ہے، تاجر برادری اس مشکل گھڑی میں حکومت کے ساتھ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close