اسلام آباد: وفاقی حکومت پاکستان نے توانائی بحران اور بڑھتے اخراجات پر قابو پانے کیلئے کفایت شعاری مہم کے تحت اہم فیصلے کر لیے ہیں، جن کے مطابق سرکاری دفاتر اب ہفتے میں صرف چار دن کھلے رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدامات مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کیے گئے ہیں، جس سے ملک کو شدید توانائی دباؤ کا سامنا ہے۔
نئے شیڈول کے تحت سرکاری دفاتر پیر سے جمعرات تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوگی۔ تاہم بینکوں، اسپتالوں، صنعت اور زراعت جیسے اہم شعبوں کو اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
حکومت نے دفاتر میں حاضری کا نیا نظام بھی متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ایک وقت میں صرف 50 فیصد عملہ دفتر میں موجود ہوگا جبکہ باقی 50 فیصد گھر سے کام کرے گا۔
شیڈول کے مطابق پہلا گروپ پیر اور منگل کو دفتر آئے گا اور باقی دن گھر سے کام کرے گا، جبکہ دوسرا گروپ بدھ اور جمعرات کو دفتر میں حاضر ہوگا اور دیگر دنوں میں ریموٹ کام کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نظام کے نفاذ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اہم وزارتوں میں اس کا اطلاق فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے بجلی، ایندھن اور دیگر اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






