اسلام آباد: حکومت نے بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں شمولیت کے لیے نئی شرائط اور رجسٹریشن کا مکمل طریقہ کار جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پرائمری سے لے کر ہائیر سیکنڈری (انٹرمیڈیٹ) تک کے طلبہ کو ہر تین ماہ بعد مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) نے تعلیمی وظائف کے حصول کے لیے نہ صرف نیا طریقہ کار متعارف کروایا ہے بلکہ مختلف تعلیمی سطحوں کے لیے وظیفے کی شرح بھی واضح کر دی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد بچوں کی تعلیم کو فروغ دینا اور خاص طور پر بچیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اہم شرائط اور دستاویزات:
پروگرام میں شامل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ بچے کی والدہ پہلے سے بینظیر کفالت پروگرام کا حصہ ہوں۔ اس کے علاوہ بچے کا نادرا سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ ب فارم ہونا لازمی ہے۔
عمر کی حد بھی مختلف تعلیمی درجات کے مطابق مقرر کی گئی ہے:
پرائمری: 4 سے 12 سال
سیکنڈری: 8 سے 18 سال
ہائیر سیکنڈری: 13 سے 22 سال
رجسٹریشن کا آسان طریقہ:
وظیفہ حاصل کرنے کے لیے والدین کو درج ذیل مراحل پر عمل کرنا ہوگا:
بچے اور اس کے ب فارم کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر جائیں۔
دفتر سے “انرولمنٹ سلپ” حاصل کریں۔
اس سلپ کو بچے کے اسکول لے جا کر ہیڈ ماسٹر یا ٹیچر سے مکمل کروائیں اور اسکول کی مہر لگوائیں۔
مکمل شدہ سلپ واپس بی آئی ایس پی دفتر میں جمع کروائیں، جس کے بعد وظیفہ جاری کر دیا جائے گا۔
وظیفے کی رقم (ہر تین ماہ بعد):
حکومت نے بچیوں کے لیے وظیفہ لڑکوں کے مقابلے میں زیادہ رکھا ہے:
پرائمری: بچیوں کے لیے 3,000 روپے، لڑکوں کے لیے 2,500 روپے
سیکنڈری: بچیوں کے لیے 4,000 روپے، لڑکوں کے لیے 3,500 روپے
ہائیر سیکنڈری: بچیوں کے لیے 5,000 روپے، لڑکوں کے لیے 4,500 روپے
اس کے علاوہ، وہ بچیاں جو پرائمری تعلیم مکمل کریں گی، انہیں 3,000 روپے کا خصوصی گریجویشن بونس بھی دیا جائے گا۔
یہ اقدام نہ صرف تعلیمی شرح بڑھانے بلکہ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے بچوں کو اسکول میں برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






