ملک کا اہم شہر ، بڑی تباہی سے بچا لیا گیا

کراچی میں ایک بڑے دہشت گرد حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے، جب 17 فروری کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) سندھ کے مقابلے میں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت سہیل بلوچ عرف گرگ بلوچ کے طور پر ہوئی، جو کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (BLA) کا اہم کمانڈر اور ‘بولان ایریا فتح اسکواڈ’ کا انچارج تھا۔ سہیل بلوچ بی ایل اے کے دیگر اہم کمانڈروں، جن میں رحمان گل، ڈاکٹر مکھو اور ملا امین شامل ہیں، کے ساتھ براہِ راست رابطے میں تھا اور نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق سہیل بلوچ نے 2022 میں BLA جوائن کی تھی اور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں حصہ لیا۔ وہ 50 سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت میں ملوث تھا، جن میں 12 مارچ کو کھڈ کوچہ میں ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ پر حملہ بھی شامل ہے۔ 11 مارچ 2025 کو جعفر ایکسپریس ٹرین کو نشانہ بنانے کے لیے اس نے 5 خودکش حملہ آور بھیجے تھے۔ وہ ہائی ویز بلاک کرنے اور مسافروں کو ہراساں کرنے کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا۔

اس مقابلے میں سہیل بلوچ کے ساتھ اس کے ساتھی جلیل عرف نوید، نیاز عرف گنگ اور حمدان عرف فرید بھی ہلاک ہوئے۔ حکام کے مطابق اس کارروائی سے کراچی میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور ہلاک دہشت گردوں کے دیگر سرپرستوں، ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close