وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے بائیکیا اور ٹیکسی ڈرائیورز کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ ڈرائیورز اور سواریاں اب اپنا ڈیٹا ضلعی انتظامیہ کی ایپ کی بجائے پولیس کی مخصوص ‘ٹیکسی ویریفیکیشن ایپ’ کے ذریعے اپ لوڈ کریں گے۔
تمام رجسٹرڈ ڈرائیورز پر لازم ہوگا کہ وہ اپنی گاڑی یا بائیک پر کیو آر کوڈ لگائیں۔ مسافر اس کوڈ کو اسکین کر کے ڈرائیور کی شناخت اور رجسٹریشن کی فوری تصدیق کر سکیں گے، اور سفر کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹریکنگ بھی ممکن ہوگی۔
ڈرائیورز ہر سواری اور سفر کی تفصیلات سسٹم میں فراہم کرنے کے پابند ہوں گے تاکہ کسی بھی وقت معلومات دستیاب ہوں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کے سفر کو مکمل طور پر محفوظ بنانا ہے اور شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر رجسٹرڈ بائیکیا یا ٹیکسی پر سفر نہ کریں، بلکہ صرف تصدیق شدہ سواری استعمال کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






