لندن میں سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے انسانی بنیادوں پر اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کو اپنے والد سے ملاقات کے لیے فوری طور پر ویزے جاری کیے جائیں۔
My sons Sulaiman & @kasim_khan_1999 applied for visas in January (again… ) to allow them to visit their father @ImranKhanPTI in Pakistan. The Pakistan consulate states that online visa processing normally takes 7–10 working days. It has now been 60 days. This despite the public…
— Jemima Goldsmith (@Jemima_Khan) March 16, 2026
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا کہ ان کے بیٹوں نے جنوری میں دوبارہ ویزا درخواستیں جمع کرائی تھیں تاہم 60 دن گزرنے کے باوجود اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قونصل خانے کے مطابق آن لائن ویزا کا عمل عام طور پر 7 سے 10 ورکنگ دنوں میں مکمل ہو جاتا ہے مگر ان کے بیٹوں کے معاملے میں اس مدت سے کہیں زیادہ تاخیر ہو رہی ہے۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے بین الاقوامی میڈیا پر دیے گئے اس بیان کا حوالہ بھی دیا جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کے صاحبزادے پاکستان آ کر اپنے والد سے بحفاظت ملاقات کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلیمان اور قاسم نے 2022 میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد سے اپنے والد کو نہیں دیکھا اور انہیں اپنے والد سے فون پر بات کرنے یا خط و کتابت کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات کے پیش نظر بیٹوں کو اپنے والد سے ملاقات کی فوری اجازت دی جائے۔
یاد رہے کہ عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور حالیہ دنوں میں ان کی صحت اور جیل مینوئل کے مطابق سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے قانونی اور سیاسی بحث جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






