موٹر سائیکلز پر ایم ٹیگ کیوں لگایا جا رہا ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، جس دوران عدالت نے انتظامیہ کو طلبہ کو ریلیف فراہم کرنے اور انہیں ہراساں نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اسٹیٹ کونسل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ خود طالب علم تھے تو طلبہ کے لیے مختلف قسم کی رعایتیں اور سہولتیں موجود ہوتی تھیں۔ انہوں نے یہ بھی استفسار کیا کہ موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔

اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن نے عدالت کو بتایا کہ کچہری میں ہونے والے دھماکے کے بعد سیکیورٹی سے متعلق مسائل سامنے آئے تھے۔ ان کے مطابق اس دھماکے میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہوئے تھے، جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بائیکیا کے ذریعے وہاں پہنچی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسی واقعے کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے انتظامیہ نے پالیسی مرتب کی کہ اسلام آباد میں داخل ہونے والی تمام موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگایا جانا ضروری ہوگا۔

اس موقع پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا اہم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے بعض اوقات مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح ہدایت دی کہ طلبہ کو اس معاملے میں ریلیف اور رعایت دی جائے اور انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔

اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ عدالتی ہدایات سے چیف کمشنر کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو انتظامیہ کا جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے دوران اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن انتظامیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے جبکہ ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close