گورنر سندھ نہال ہاشمی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ نِکّا فنکار نہیں بلکہ سیاسی کارکن ہیں اور نواز شریف کے نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر ہاؤس میں ہر چیز کا آڈٹ ہوگا۔
پریس کانفرنس کے دوران نہال ہاشمی نے وزیر اعظم یوتھ پروگرام سندھ لانے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ نواز شریف کی جانب سے طلبہ کے لیے کیے گئے اقدامات سندھ میں بھی نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کورس کی مدت چھ ماہ ہے تو ڈگری بھی چھ ماہ میں فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں وہ بیٹھے ہیں، یہ رہبروں اور کارکنان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ ہر شخص کی نمائندگی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے اور کراچی کے بارے میں منفی بات نہیں کی جائے گی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے لیے جیل جا سکتے ہیں لیکن ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ گورنر ہاؤس کا آڈٹ کروائیں گے، یہ دیکھیں گے کہ کتنے پیسے کہاں خرچ ہوئے، اور اگر کوئی غلط کام کریں تو عوام تنقید کریں۔
نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس کی موجودہ حالت کی طرف بھی توجہ دلائی اور کہا کہ کرسیوں اور بینرز کی حالت خراب تھی، لیکن یہ سب دوبارہ آباد کیا جائے گا اور کل سے مستحقین کے لیے سحری اور افطار کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو بنا کر فنکار نہیں بنایا جا سکتا، وہ عوامی گورنر نہیں بلکہ آئینی گورنر ہیں، اور ان کا تقرر آئین کے تحت صدر مملکت کے نوٹیفکیشن کے ذریعے ہوا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






