کراچی: محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کے موقع پر کراچی میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو خوشگوار موسم کی نوید سنا دی ہے، جس سے شدید گرمی میں کمی آنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں اس وقت گرمی کی شدت برقرار ہے اور آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس وقت کراچی کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ فضا میں نمی کے باعث موسم قدرے مرطوب محسوس ہو رہا ہے۔ دن کے وقت تیز دھوپ گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں جلد ایک نیا مغربی موسمی سسٹم داخل ہونے والا ہے، جس کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں عیدالفطر کے دوران بارش کا امکان ہے۔ اس بارش سے گرمی کی شدت میں واضح کمی متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں 17 سے 27 مارچ کے درمیان وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مغربی سسٹم کے اثرات واضح ہونا شروع ہو جائیں گے، جس کے باعث کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






