بجلی کے صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے شکایات کے فوری ازالے اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نیا ضابطہ کار جاری کر دیا ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق اب ہر ماہ خراب اور بہترین کارکردگی دکھانے والے سب ڈویژنز کی نشاندہی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا ہے کہ خراب کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور تمام کمپنیوں کے کسٹمر سروس ڈائریکٹرز اس کے ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے۔
حکومت نے 118 سمارٹ کال سینٹر کو صارفین کے لیے ون ونڈو سروس قرار دے دیا ہے۔ گزشتہ 5 ماہ میں 20 لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئیں جن میں سے 96 فیصد کو کامیابی سے ہینڈل کیا گیا۔ صارفین کی جانب سے 24 لاکھ سے زائد شکایات درج کی گئیں، جن میں سے اسلام آباد (IESCO) میں ریکارڈ 99.49 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔
لیسکو میں سب سے زیادہ 10 لاکھ، جبکہ میپکو میں 6 لاکھ سے زائد شکایات حل کی گئیں۔ فیسکو اور گیپکو کی کارکردگی بھی 99 فیصد سے زائد رہی ہے۔
سردار اویس لغاری نے پانچ بڑی بجلی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 118 سروس کو عوام میں بھرپور طریقے سے متعارف کرائیں۔ انہوں نے لائن اسٹاف اور افسران کو حکم دیا ہے کہ فیلڈ میں آنے والی شکایات کو بغیر کسی تاخیر کے حل کیا جائے تاکہ صارفین کو ریلیف مل سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






