نامور اداکار، صداکار اور ٹی وی شخصیت شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے ہیں۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور زیر علاج تھے۔
شجاعت ہاشمی کا شمار پاکستان کے سینئر اور معروف فنکاروں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنی اداکاری اور صداکاری کے ذریعے شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ ٹی وی کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے تھے۔ ان کی مشہور فلموں میں “خاک اور خون”، “سوہرا تے جوائی”، “دوستانہ”، “راکا” اور “بابل دیاں گلیاں” شامل ہیں۔
شجاعت ہاشمی ایک پڑھے لکھے فنکار تھے، انہوں نے انگریزی ادب میں ایم اے کیا ہوا تھا۔ حکومت پاکستان نے ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں “پرائیڈ آف پرفارمنس” کے ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔
ان کی نماز جنازہ آج رات نو بجے جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو، لاہور میں ادا کی جائے گی۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر شوبز حلقوں اور مداحوں میں غم کی فضا پائی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






