کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (CCoP) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ (ایف ایف سی) کو خریدار کنسورشیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، کامیاب بولی دہندہ کی جانب سے قائم کردہ اسپیشل پرپز وہیکل کمپنی (ایس پی وی) یعنی پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کے 33.99 فیصد شیئرز سبسکرائب کرے گی۔ تاہم عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ کنسورشیم کی لیڈ کمپنی کے طور پر برقرار رہے گی۔
کابینہ کمیٹی کا یہ فیصلہ حتمی توثیق کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نجکاری کمیشن بورڈ کے 249ویں اجلاس میں مشیر نجکاری محمد علی کی زیر صدارت اس شمولیت کی سفارش کی گئی تھی۔
نجکاری کمیشن نے فوجی فرٹیلائزرز کی اہلیت اور ریگولیٹری تقاضے پورے ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ عارف حبیب کنسورشیم کو پی آئی اے کا کامیاب بولی دہندہ قرار دیا گیا ہے۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے فیس اسٹرکچر میں نظرثانی کی بھی سفارش کی ہے جس کا مقصد ادارے کی مالی خودمختاری اور اصلاحات کو مضبوط بنانا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نجکاری کا عمل شفاف، مسابقتی اور قواعد پر مبنی طریقے سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






