مہنگائی کے وار، ایل پی جی قیمتوں نے نئی بلندیاں چھو لیں

ایل پی جی کی قیمت میں ایک بڑی چھلانگ لگ گئی ہے اور نرخ 70 سے 100 روپے فی کلو تک بڑھا دیے گئے ہیں۔

ایل پی جی مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے رہنما علی حیدر کے مطابق ایل پی جی کی ریٹیل قیمت 250 روپے فی کلو سے بڑھ کر 320 سے 350 روپے فی کلو کے درمیان پہنچ گئی ہے۔ ایسوسی ایشن نے قیمتوں میں اس اضافے کی وجہ ایران میں جاری جنگ کو قرار دیا ہے، جس کے باعث ایل پی جی کی سپلائی محدود ہو گئی ہے۔

ایل پی جی مارکیٹنگ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس یا عمان سے ایل پی جی کی درآمد کا بندوبست کرے تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ایران جنگ کے باعث سپلائی متاثر ہونے کے نتیجے میں کراچی میں ایل پی جی مہنگی ہو گئی تھی۔ کراچی میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 30 روپے کا اضافہ ہو گیا تھا جس کے بعد ایل پی جی 330 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی تھی۔ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 226 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں مہنگائی کی نئی لہر دیکھنے میں آ رہی ہے۔ پٹرول مہنگا ہونے کے اثرات روزمرہ استعمال کی اشیاء، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں پر بھی پڑنے لگے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close