لاس اینجلس: مشہور امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز ایک بار پھر قانونی مشکلات کا شکار ہو گئی ہیں۔ کیلیفورنیا پولیس نے انہیں نشے کی حالت میں خطرناک حد تک تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے شبہ میں بدھ کی شب گرفتار کر لیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کیلیفورنیا ہائی وے پیٹرول کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات تقریباً پونے نو بجے انہیں اطلاع ملی کہ ایک سیاہ رنگ کی بی ایم ڈبلیو گاڑی سڑک پر تیز رفتاری اور غیر متوازن طریقے سے دوڑ رہی ہے۔ پولیس نے گاڑی کو روکا تو اس میں برٹنی سپیئرز اکیلی موجود تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معائنے اور ٹیسٹ کے دوران برٹنی کے حواس قابو میں نہیں تھے اور ایسا معلوم ہو رہا تھا کہ وہ الکحل اور ادویات کے زیر اثر ہیں ۔
انہیں فیلڈ سوبریٹی ٹیسٹ (ہوش مندی کی جانچ) کروانے کے بعد فوری طور پر وینٹورا کاؤنٹی کی مرکزی جیل میں منتقل کر دیا گیا ۔ برٹنی کی طرف سے کسی باضابطہ بیان کے حوالے سے فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے، تاہم ان کے نمائندے نے اس واقعے کو “ناقابل معافی” قرار دیا ہے ۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب 44 سالہ گلوکارہ کو قانونی مسائل کا سامنا ہو۔ 2007 میں ان پر ہٹ اینڈ رن اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے کا الزام لگا تھا ۔
برٹنی سپیئرز طویل عرصے تک اپنے والد کی قانونی سرپرستی (کنزرویٹرشپ) میں رہی تھیں۔ 13 سال تک ان کی زندگی اور 6 کروڑ ڈالر کے اثاثوں کا کنٹرول ان کے والد کے پاس تھا، جسے 2021 میں ایک طویل قانونی جنگ اور مداحوں کی #FreeBritney مہم کے بعد ختم کیا گیا تھا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






