کیا پیر سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند ہونیوالے ہیں؟ بڑی خبر

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر سپلائی بحال نہ ہوئی تو پیر سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند ہونا شروع ہو جائیں گے۔

ایسوسی ایشن نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر سپلائی بحال نہ ہوئی تو پیر سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند ہونا شروع ہو جائیں گے۔

ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل چوہدری عرفان الٰہی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول کی سپلائی 50 فیصد تک گر گئی اور ڈیزل کی فراہمی معمول سے صرف 20 فیصد رہ گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

لاہور کے صدر جہانزیب ملک اور وسطی پنجاب کے صدر نعمان مجید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریٹیل آؤٹ لیٹس کو پیٹرول کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ معائنے کے نام پر سپلائی ڈپوؤں کے بجائے پیٹرول پمپوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بعض نجی کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی ہے تاکہ مصنوعی قلت پیدا کی جا سکے۔

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر مطلع کیا تھا کہ سپلائی محدود ہونے کی وجہ سے وہ عوام کی طلب پوری کرنے میں ناکام ہیں۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ڈیلرز کے دعوؤں کے برعکس بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ اوگرا کے مطابق قبل از وقت درآمدات کی بدولت پاکستان کے پاس 28 دنوں کی کھپت کے لیے کافی پیٹرول موجود ہے، اس لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close