پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کے شاہانہ اخراجات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 86 کروڑ روپے وی آئی پی فلائٹس پر خرچ کرنا کس کی منظوری سے ہوا اور کیا وزیراعلیٰ مریم نواز عوام کو بتائیں گی کہ یہ رقم کیوں ضروری تھی ۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس، وزراء کے پروٹوکول اور سرکاری گاڑیوں پر سالانہ کتنا خرچ ہوتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بجلی مہنگی کرکے حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات پورے کرنے کے لیے 8.67 ارب روپے عوام کی جیب سے کیوں لیے جا رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف 86 کروڑ کی شاہانہ پروازیں اور دوسری طرف مہنگی بجلی کا نیا بم، حکمران فضاؤں میں ہیں اور عوام بلوں تلے دبے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہی ریاستی ترجیحات ہیں کہ غریب بل دے یا اپنے بچوں کو کھانا کھلائے ۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سرکاری پروٹوکول اور شاہانہ اخراجات میں فوری کمی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کفایت شعاری صرف عوام کے لیے ہے، خزانہ خالی ہے یا ترجیحات غلط ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا کفایت شعاری صرف تقریروں تک محدود ہے اور یہ رقم عوامی فلاح پر خرچ نہیں کی جا سکتی تھی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






