راشن کارڈ کے بغیر بھی 10 ہزار روپے! حکومتِ پنجاب کی نئی سہولت، جانیں رقم حاصل کرنے کا مکمل طریقہ

لاہور: حکومتِ پنجاب نے رمضان المبارک کے موقع پر غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سوشل سیکیورٹی پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے دینے کا آغاز کر دیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت اہل افراد کو مالی امداد براہِ راست فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق مستحق شہریوں کے اکاؤنٹس میں امدادی رقم منتقل کر دی گئی ہے تاکہ وہ رمضان کے دوران اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق اس مرتبہ امدادی رقم حاصل کرنے کے لیے راشن کارڈ کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد بغیر کسی پیچیدگی کے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

رقم حاصل کرنے کا طریقہ
وہ شہری جو پنجاب سوشل سیکیورٹی پروگرام میں رجسٹرڈ ہیں اور جنہیں بینک آف پنجاب کی جانب سے رقم سے متعلق پیغام موصول ہو چکا ہے، وہ آسانی سے اپنی امدادی رقم وصول کر سکتے ہیں۔ رقم نکلوانے کے لیے شہری اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) ساتھ رکھیں۔ ایجنٹ کو وہی موبائل نمبر فراہم کریں جو اسکیم میں رجسٹرڈ ہے اور بینک کی جانب سے موصول ہونے والا 6 ہندسوں کا کوڈ دکھائیں تاکہ تصدیق کا عمل مکمل ہو سکے۔

شہری اپنی رقم قریبی HBL Konnect، UBL Omni یا Alfa Pay کے کسی بھی ایجنٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ ایجنٹ کے پاس بائیومیٹرک تصدیق یعنی انگوٹھے کے نشان کے بعد رقم ادا کر دی جائے گی اور تصدیقی پیغام بھی موبائل فون پر موصول ہوگا۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا پن کوڈ (PIN) یا دیگر خفیہ معلومات کسی نامعلوم شخص کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close