سعودی عرب کی پاکستان کو یانبو روٹ سے متبادل تیل سپلائی کی یقین دہانی

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کی جانب سے بندرگاہ ینبع کے ذریعے متبادل تیل سپلائی روٹ قائم کرنے کی درخواست پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سعودی ذرائع نے بحیرہ احمر میں واقع بندرگاہ ینبع کے ذریعے سپلائی کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

علی پرویز ملک کے مطابق پاکستان کے لیے خام تیل اٹھانے کے لیے ایک جہاز کو پاکستان سے بندرگاہ ینبع روانہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں سعودی عرب کی پاکستان کی حمایت پر شکرگزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ بندرگاہ ینبع سے تیل کی سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی۔ سعودی سفیر نے کہا کہ وہ کسی بھی ہنگامی ضرورت کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے اور پاکستان اور سعودی عرب آزمائش کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

حکومت پاکستان توانائی کی سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ پاکستان کی بیشتر پیٹرولیم سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ ان حالات میں سعودی عرب جیسے برادر ممالک کی حمایت پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close