راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کی حاضری معافی کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
علیمہ خان آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئی تھیں اور ان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ سرکاری پراسیکیوٹر نے عدم پیشی پر یہ درخواست منظور کرنے کی سخت مخالفت کی تھی۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزمہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں اور سرکاری وکیل مقرر کر کے آخری گواہ پر جرح کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمہ مسلسل دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہیں جو کہ غلط رویہ ہے۔ آخری گواہ باقی رہ گیا ہے لہٰذا سرکاری وکیل مقرر کر کے جرح مکمل کروائی جائے۔
وکیل صفائی اور پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
بعد ازاں عدالت نے علیمہ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ حاضری معافی نہیں ہوگی اور علیمہ خان سمیت تمام ملزمان 9 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں۔ آئندہ تاریخ پر وکیل صفائی آخری گواہ (تفتیشی افسر) پر جرح مکمل کریں گے۔
عدالت نے بانی چیئرمین سے وکالت نامے سپرنٹنڈنٹ جیل کو تصدیق کر کے وکلاء کو فراہم کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






