پی ٹی آئی میں دراڑیں بڑھ گئی ، اہم معاملہ سامنے آ گیا

تحریک انصاف کی ممکنہ احتجاجی حکمت عملی کے حوالے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی قیادت کے مؤقف میں اختلاف سامنے آنے لگا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف پنجاب کے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حالیہ بیانات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

روپوش سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے بجائے رہائی فورس کے قیام کا اقدام پنجاب کے کارکنوں کے لیے مشکلات بڑھا سکتا ہے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا میں حکومت ہونے کی وجہ سے مسائل نسبتاً کم ہیں جبکہ پنجاب میں کارکن پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔

پی ٹی آئی پنجاب کے ذرائع کے مطابق فورس بنانے کے اعلانات ان کارکنوں اور رہنماؤں کی قربانیوں کو ضائع کرنے کے مترادف ہوں گے جو پہلے ہی مقدمات اور گرفتاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

روپوش رہنما نے سوال اٹھایا کہ رہائی فورس کے ذریعے احتجاجی تحریک میں تشدد کے امکانات کو کس طرح روکا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گرفتاریوں اور دباؤ کی وجہ سے کئی کارکن خاموش ووٹرز کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب کے زیرحراست رہنما پہلے ہی احتجاجی تحریک کو مؤخر کرنے اور فلسطین مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز دے چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close