روم میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی، جس میں داخلی سلامتی، انسدادِ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اطالوی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ لیگل مائیگریشن کے فروغ کے لیے پاکستانی اسکلڈ لیبر کو ساڑھے 10 ہزار (10,500) ویزے جاری کیے جائیں گے۔ مزید برآں، پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا استثنیٰ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ میٹیو پینٹے ڈوسی نے کہا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔ ملاقات میں منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان میں ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر سخت نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کے خلاف پاکستان کی پالیسیوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اٹلی مکمل طور پر تیار ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






