اہم ملک کا سمندر پار پاکستانیوں کے لیے آسان رہائشی کارڈ کا اعلان

اسپین میں رہائش کے خواہشمند سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسپین نے ایک نیا اور آسان طریقہ متعارف کرایا ہے جس کے تحت اہل پاکستانی ایک سال کے رہائشی کارڈ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزارت خارجہ پاکستان نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے عمل کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی، جبکہ اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ یہ پالیسی سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کے لیے نہیں ہوگی۔

فیصلہ کیا گیا کہ درخواست گزاروں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا، اور اہل افراد کو ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ریذیڈنٹ کارڈ جاری کیا جائے گا جبکہ سات سے آٹھ سال مکمل کرنے پر مستقل رہائش اور شہریت کے حصول کا راستہ ہموار ہوگا۔

فیصلے کے مطابق الگ الگ کریکٹر سرٹیفکیٹس قابل قبول نہیں ہوں گے، نیشنل پولیس بیورو ایک ہی قومی کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ تصدیقی عمل کو تیز اور آسان بنایا جائے گا تاکہ درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہر سطح پر درخواست گزاروں کو مکمل سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ سالک حسین نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں کو قانونی حیثیت ملنا خوش آئند پیش رفت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close