مہنگا اور پرتعیش طیارہ خریدنے پر حافظ نعیم کی شدید تنقید

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مہنگا اور پرتعیش طیارہ خریدنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں حافظ نعیم نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہی نہیں ہو رہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے 11 ارب کا طیارہ خریدا جبکہ غربت میں 31 فیصد اضافہ ہوا۔

حافظ نعیم نے کہا کہ پنجاب میں ترقی نہیں، ٹیکس کے پیسوں سے اشتہارات چل رہے ہیں، سب سے زیادہ غربت میں اضافہ پنجاب میں ہوا۔ پنجاب میں ایک کروڑ بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں، بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ پنجاب میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں، تعلیم ہمارا آئینی حق ہے اس کو بھی طبقاتی نظام میں ڈال دیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بااختیار لوگ بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہیں دیتے، چند سڑکیں بنانے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملکی قرضہ آسمان کو چھو رہا ہے دوسری طرف غربت کا گراف ریکارڈ تیزی سے اوپر جا رہا ہے۔ یہ ہے حکمران اتحاد کی رپورٹ کارڈ؟

انہوں نے مزید کہا کہ آخری 6 سال میں آئی ایم ایف پروگرامز کے تحت اربوں ڈالرز کا قرض لیا گیا، کھربوں روپے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریبوں میں تقسیم کے نام پر عملاً فراڈ کیا گیا، مگر نتائج ہولناک ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پنجاب کا دوسرے صوبوں سے نہیں بلکہ صوبے کے وسائل سے تقابل بنتا ہے، 2 ہزار روپے ہر سال آئی پی پیز کو بغیر بجلی حاصل کیے دیے جاتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close