رمضان کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو کی نئی پیشگوئی

سپارکو نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند سے متعلق سائنسی و فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق رواں برس رویت کے امکانات خاصے مضبوط دکھائی دیتے ہیں۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق رمضان کا نیا چاند 17 فروری 2026 کو شام 5 بجکر 1 منٹ پر پیدا ہوگا۔ 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 48 منٹ ہوگی — یہ دورانیہ عام طور پر انسانی آنکھ سے رویت کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔ فلکیاتی تجزیے کے مطابق 18 فروری کی شام ساحلی علاقوں میں سورج غروب ہونے اور چاند ڈوبنے کے درمیان تقریباً 59 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جس کی بنا پر ملک کے مختلف حصوں میں چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔

سپارکو نے عندیہ دیا ہے کہ سائنسی اعداد و شمار کی روشنی میں یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔ تاہم اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اور شرعی اعلان رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کی جانب سے کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close