سینئر سیاستدان اور سابق رکنِ پنجاب اسمبلی زعیم قادری انتقال کر گئے۔ ذرائع کے مطابق وہ گزشتہ تین روز سے دل کے عارضے کے باعث ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی حلقوں اور کارکنوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج شام نمازِ مغرب کے بعد لاہور کے علاقے لارنس روڈ میں ادا کی جائے گی، جس میں سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
زعیم قادری کو ملکی سیاست میں ایک متحرک اور واضح مؤقف رکھنے والے رہنما کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وابستہ رہے اور پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتے رہے۔ ان کی مدلل گفتگو، سیاسی بصیرت اور عوامی رابطہ مہم نے انہیں ایک نمایاں شناخت دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






