معروف بالی ووڈ اداکار کیخلاف فراڈ کا مقدمہ درج

بالی ووڈ اداکار شریاس تلپاڈے کے خلاف بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مین پوری میں مبینہ سرمایہ کاری فراڈ کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگاؤں تھانے میں درج ایف آئی آر میں شریاس تلپاڈے سمیت 12 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مدعی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ اداکار اور ان کے ساتھیوں نے ایک سرمایہ کاری اسکیم کے نام پر لاکھوں روپے وصول کیے اور اس کے نتیجے میں متعدد افراد کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

شکایت میں بتایا گیا ہے کہ مبینہ اسکیم کے تحت دیہی علاقوں کے رہائشیوں سے رقوم جمع کی گئیں۔ عدالت کے حکم پر پولیس نے مقدمے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم شریاس تلپاڈے کی جانب سے تاحال ان الزامات کے حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ شریاس تلپاڈے بالی ووڈ اور مراٹھی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر ہیں۔ انہوں نے 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اقبال‘ سے بطور مرکزی اداکار نمایاں شہرت حاصل کی، جبکہ ’دور‘، ’گول مال‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ جیسی فلمیں بھی ان کے کریئر کا اہم حصہ رہی ہیں۔ وہ جلد فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close