معروف اداکار 48 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

معروف امریکی اداکار اور مقبول ٹی وی سیریز ڈاسنز کریک کے اسٹار جیمز وان ڈیر بیک 48 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

اداکار طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور بالآخر بیماری کے باعث زندگی کی جنگ ہار گئے۔

اداکار کے اہل خانہ نے ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے مداحوں کو افسوسناک خبر سے آگاہ کیا۔ اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جیمز وان ڈیر بیک آج صبح انتقال کر گئے۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ اداکار نے اپنی زندگی کے آخری ایام نہایت حوصلے، ایمان اور وقار کے ساتھ گزارے۔

اہل خانہ نے مداحوں اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ جیمز وان ڈیر بیک کو نہ صرف ایک کامیاب اداکار بلکہ ایک محبت کرنے والے شوہر، والد اور دوست کے طور پر بھی جانا جاتا تھا۔ ان کی وفات کی خبر سامنے آتے ہی دنیا بھر سے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جیمز وان ڈیر بیک آنتوں کے کینسر، یعنی کولوریکٹل کینسر میں مبتلا تھے اور انہیں اس بیماری کی تشخیص 2023 میں ہوئی تھی، جس کے بعد وہ مسلسل علاج کروا رہے تھے۔ بیماری کے باوجود وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارتے رہے اور مداحوں سے رابطے میں بھی رہے۔

جیمز وان ڈیر بیک نے ہالی ووڈ میں اپنی اداکاری کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا اور خاص طور پر نوجوانوں میں بے حد مقبول رہے۔ ان کی وفات کو شوبز انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے جبکہ مداح انہیں ان کی شاندار اداکاری اور یادگار کرداروں کی بدولت ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close