پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو بہت بڑا ریلیف مل گیا
(نیوز ڈیسک)پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج کے سلسلے میں درج مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی گئی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ، شیر افضل مروت، عمیر نیازی، علی بخاری اور دیگر رہنماؤں کیخلاف مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں عبوری ضمانتیں زیر سماعت ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی جانب سے دلائل دیئے جائیں گے اور تمام ضمانتوں پر ایک ساتھ سماعت کی جائے گی۔
آج کی سماعت میں شیر افضل مروت، عمیر نیازی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بشریٰ بی بی اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں جو عدالت نے منظور کر لیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی، کوہسار، مارگلہ، آبپارہ، ترنول اور سیکرٹریٹ میں مقدمات درج ہیں، بشریٰ بی بی کی تھانہ سیکرٹریٹ کے مقدمے میں ضمانت کی سماعت بھی 24 جون تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ان ہی مقدمات میں دیگر ملزمان کی ضمانتیں بھی مقرر ہیں جنہیں ایک ساتھ سنا جانا چاہیے، عدالت نے ان دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تمام ضمانتوں پر آئندہ سماعت 24 جون کو مقرر کر دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں