یوٹیلٹی اسٹورز کے آپریشنز بند کرنے کی تیاری شروع

وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کرنے اور اثاثے و پراپرٹی حفاظتی تحویل میں لینے کی تیاری شروع کر دی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کرنے سے متعلق کمیٹی بنا دی ہے، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار 7 رکنی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، وزیر مملکت برائے خزانہ اور وزیر مملکت آئی ٹی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ وفاقی سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری صنعت و پیداوار کمیٹی ارکان میں شامل ہیں، کمیٹی ارکان میں سیکرٹری نجکاری اور سیکرٹری بی آئی ایس پی بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نےکمیٹی کے لیے ٹی او آرز بھی طے کر لیے ہیں، کمیٹی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز فوری بند کرنے کا طریقہ کار متعین کرے گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ کمیٹی کارپوریشن کی پراپرٹی، اثاثوں کی حفاظت، مینٹیننس کے لیے انتظامات کا تعین کرےگی، کمیٹی کارپوریشن کے ملازمین سرپلس پول میں شامل کرنے کے لیے انتظامات کا جائزہ بھی لےگی۔

اس کے علاوہ ملازمین کو دیگر حکومتی اداروں کی اسامیوں میں ضم کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ رمضان پیکج کی فراہمی کیلئے بی آئی ایس پی کے ساتھ کوآرڈینیشن حکمت عملی بنائی جائے گی، کمیٹی کے لیے وزارت صنعت و پیداوار سیکٹیریل سپورٹ فراہم کرے گی، کمیٹی 7 روز کے اندر اپنی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close