اسلام آباد(پی این آئی)جوڈیشل کمیشن نے آئینی بینچ کو 6 ماہ کیلئے توسیع دے دی۔
چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا رولز سے متعلق اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں رولز کی منظوری دے دی گئی اور کچھ رولز میں معمولی تبدیلی بھی کر دی گئی۔ذرائع کا کہنا تھاکہ نئے ایڈیشنل ججز کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کی شرط نکال دی گئی، کسی امیدوار کی انٹیلی جنس رپورٹ لینا نہ لینا کمیشن کی صوابدید ہوا کرے گا۔ذرائع نے بتایاکہ حتمی ڈرافٹ کے مطابق ہائیکورٹ چیف جسٹس کیلئے 3 نام زیر غور آیا کریں گے اور سینیئرجج کو چیف جسٹس ہائیکورٹ نہ بنانے پر وجوہات بتانا لازمی ہوں گی جبکہ سپریم کورٹ میں جج کی تعیناتی کیلئے ہائیکورٹ سے 5 نام آیا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آئینی بینچ کی تشکیل برقرار رکھنے کا فیصلہ 7، 6 کے تناسب سے ہوا، ووٹنگ میں 7 ممبران نے آئینی بینچ برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ جسٹس جمال مندوخیل نے تمام سپریم کورٹ ججز کو آئینی بینچ میں شامل کرنے کی تجویز دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے نئے رولز کے تحت ایڈیشنل ججز کیلئے نامزدگیاں 3 جنوری تک طلب کرلیں، ایڈیشنل ججز کیلئے نامزدگیاں متعلقہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے ذریعے بھیجی جائیں گی اور ایڈیشنل ججز کیلئے پہلے سے بھیجے گئے نام متفقہ طور پر واپس لے لیے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں