گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے متعلق اہم فیصلہ

کراچی: محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے کمرشل و نجی گاڑیوں کے نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

ایکسائز حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تمام نجی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سفید رنگ اور سندھی اجرک کے ڈیزائن کی ہوں گی، کمرشل گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پیلے رنگ اور سندھی اجرک کی ڈیزائن پر مشتمل ہوں گی۔ایکسائز حکام کے مطابق 3 اپریل2025 کے بعد نجی گاڑیوں پر پیلی، کمرشل گاڑیوں پرکالی نمبر پلیٹس ناقابل قبول ہونگی، نمبر پلیٹس کی تبدیلی کا فیصلہ گاڑیوں کے حفاظتی اقدامات اور یکساں شناخت کیلئے کیا گیا ہے۔

قبل ازیں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) نے پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ای-آکشن ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا۔جس سے شہریوں کو اپنے گھروں میں آرام سے گاڑیوں کی پرُکشش نمبر پلیٹوں کی بولی لگانے کے قابل بنایا گیا ہے۔اس اقدام کے لیے رجسٹریشن کا عمل 31 دسمبر 2024 تک کھلا رہے گا۔

ای-آکشن سسٹم کے ذریعے موٹر سائیکل اور موٹر کار نمبر پلیٹس دونوں کی نیلامی کی جائے گی جس میں کامیاب بولی لگانے والے نیلامی کے نتائج اور تفصیلات براہ راست ای-آکشن ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔اس حوالے سے پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ ’ای آکشن ایپ کے ذریعے شہری اب آن لائن رجسٹر ہو سکتے ہیں اور بولی کے عمل میں آسانی سے حصہ لے سکتے ہیں تاکہ اپنی پسند کی گاڑیوں کے نمبرز کو محفوظ کر سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں