لاہور (پی این آئی) پاکستان میں پہلے روزے کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی، ماہ جماد الثانی کے آغاز کے بعد رمضان المبارک کی آمد میں 3 ماہ سے کم وقت باقی رہ گیا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان کے بابرکت مہینے کیلئے الٹی گنتی کا آغاز ہوچکا اور اب 3 ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی نے رمضان المبارک کے چاند کی پیش گوئی کردی ہے۔ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے بتایاکہ متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا آغاز غالباً یکم مارچ 2025سے ہونے کے امکانات ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے آغاز کی حتمی تاریخ کا انحصار چاند کے نظر آنے پر ہے، لہٰذا چاند کا حتمی اعلان چاند دیکھنے کیلئے قائم کردہ کمیٹی کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔
جبکہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 2 مارچ سے ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں ماہ جماد الثانی کا آغاز ہو گیا، منگل کے روز ملک بھر میں ماہ جماد الثانی کا چاند دیکھ لیا گیا۔ ماہ جماد الثانی کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ہوا تھا۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد کا بتانا تھا کہ چاند نظر نہیں آیا،یکم جمادی الثانی 1446 ہجری بمطابق 4 دسمبر 2024 بروز بدھ ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں