یورپی ممالک جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد ( پی این آئی) یورپ میں پی آئی اے پر عائد پابندی ختم، یورپی ایئرسیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن پر 4 سال سے عائد پابندی ختم کر دی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ائی اے نے بیان میں کہا کہ یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پاکستانی ائیرلائنزسے پابندی اٹھانے کا فیصلہ ہوگیا اور یہ پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کے لیے اہم ترین خبر ہے۔انہوں نے کہا کہ ایاسا نے اپنے مکتوب میں وزرات ہوابازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے، ان کی جانب سے پی آئی اے کی ٹیم اور انتظامیہ کو ان کے سخت ترین اسٹینڈرڈز پر پورے اترنے پر مبارک باد دی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ ایاسا اور ان کے قوانین اورضابطوں پر مکمل عمل پیرا رہے گا اور پی آئی اے انتظامیہ نے گزشتہ 4 سال کی انتھک محنت کے بعد یہ اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی ای او پی آئی اے کی جانب سے اس تاریخی موقع پروزرات ہوابازی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے ٹیم اور پوری ہوابازی کی صنعت کو ان کے بھرپور تعاون پر مبارک باد پیش کی۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے بیان میں کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پرعائد پابندی ختم کردی گئی ہے اور مذکورہ عائد پابندی کا ختم ہونا ایک یادگارموقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں