پی ٹی آئی پر نامعلوم افراد کا حملہ

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ صوابی جانے والی پرائیویٹ مشینری کو پشاور ٹول پلازہ کے قریب پولیس کے روکنے کے بعد نامعلوم حملہ آوروں نے حملہ کردیا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پر مسلح نقاب پوشوں نے ہمارےکرین، ڈمپر اور دیگر گاڑیوں کو روکا۔انہو ں نے دعویٰ کیا کہ موٹروےپولیس کےمطابق نقاب پوشوں نےگاڑیوں کو آگ لگانےکی کوشش کی اور ہمارے ڈرائیوروں کو بھی زبردستی اپنی گاڑیوں میں بٹھاکر ساتھ لےگئے۔اس سے قبل پی ٹی آئی پشاور کے صدرعرفان سلیم کا کہنا تھا کہ پولیس کے روکنے کے بعد اچانک نامعلوم افراد نے مشینری پر حملہ کردیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے مشینری کے ٹائروں پر فائرنگ کر کے انہیں ناکارہ بنایا گیا بعد ازاں کرینوں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی گئی تب تک پی ٹی آئی اراکین موقع پر پہنچ گئے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حملے کے بعد صوابی جانے والی پرائیویٹ مشینری اور کرینوں کے ڈرائیورز اور دیگر اسٹاف لاپتہ ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں