سدھو موسے والا کے والدین نے اپنے ننھے بیٹے کی پہلی تصویر جاری کردی

آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین نے اپنے ننھے بیٹے کی پہلی تصویر جاری کردی۔

سدھو موسے والا کا قتل آج بھی ان کے لاتعداد مداحوں کے ذہنوں میں تازہ ہے اور وہ سب اب بھی سدھو موسے والا کی سفاکانہ موت کے لیے انصاف کے منتظر ہیں۔

28 سالہ گلوکار سدھو موسے والا کو 2022 کے موسم گرما میں مانسا ضلع کے جواہر کے گاؤں میں متعدد گولیاں مار دی گئی تھیں۔تاہم دل شکستہ والدین بلکور سنگھ اور چرن کور کے ہاں بڑھاپے میں مارچ 2024 میں ایک اور بیٹے کی پیدائش ہوئی جو کسی معجزے سے کم نہیں تھی۔

بچے کی پیدائش کے 8 ماہ بعد آج 7 نومبر 2024 کو سدھو موسے والا کے والدین نے آخرکار آنجہانی گلوکار کے ننھے منے بھائی کا چہرہ ظاہر کر دیا۔سدھو موسے والا کے آفیشل اکاؤنٹ پر انہوں نے اپنے چھوٹے بیٹے کی ایک تصویر پوسٹ کی جو اپنے والد بلکور سنگھ کی گود میں خوش و خرم بیٹھے ہیں اور اس کی والدہ چرن کور بھی ساتھ بیٹھی ہیں۔

تصویر کی ایک اور خاص بات شوبھدیپ کی گلابی پگڑی تھی، والدین نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جو ان کے دوسرے بیٹے کی تصویروں پر ہی مشتمل تھی جس میں بلکور سنگھ بیٹے کو پگڑی پہناتے بھی نظر آئے۔

8 ماہ کا بچہ جینز کے ساتھ نیلے رنگ کی شرٹ میں ملبوس تھا اور بالکل سدھو موسے والا کے بچپن کی شبیہہ معلوم ہوتا ہے۔

والدین نے اپنے بیٹے کے چہرے کی خوشی کو دوبارہ دیکھنے پر شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے گرو مکھی میں نوٹ لکھا۔

18 مارچ 2024 کو سدھو موسے والا کی والدہ چرن کور نے گرومکھی میں ایک تصویری نوٹ شیئر کیا تھا اور دلی تشکر کا اظہار کیا۔

نوٹ میں، چرن کور نے خدا کا شکر ادا کیا تھا کہ اس نے انہیں ایک سال اور دس ماہ کے بعد اپنے بیٹے سے ملایا، انہوں نے مزید دعا کی کہ خدا ان کے دوسرے بیٹے کو ان کے بڑے بیٹے سدھو کی طرح بہادر بنائے، آخر میں انہوں نے گھر واپس آنے پر سدھو کا شکریہ ادا کیا تھا۔

17 مارچ 2024 کو بلکور سنگھ نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے نومولود بیٹے کی پہلی تصویر پوسٹ کی تھی، تصویر میں بلکور سنگھ نے اپنے بچے کو سنبھالا ہوا تھا جو ان کی بانہوں میں سکون سے سو رہا تھا۔

اس تصویر میں ہم ان کے پیچھے سدھو کی تصویر اور بچے کی آمد کا جشن منانے کے لیے ایک مزیدار کیک بھی دیکھ سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں