سیاحت کے فروغ کیلیے خیبرپختونخوا حکومت کا اہم اقدام

پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخواہ حکومت نے سیاحت کے فروغ کیلئے “میزبان” کے نام سے ہوم سٹے ٹورازم منصوبے کو حتمی شکل دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے وزیر اعلیٰ نے اہم اقدام اتھاتے ہوئے “میزبان” کے نام سے ہوم سٹے ٹورازم منصوبے کو حتمی شکل دے دی، منصوبے کے باضابطہ اجراء کے لیے رواں سال 15 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت سیاحتی اضلاع میں گھروں میں سیاحوں کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے 30 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، یہ قرضے بینک آف خیبر کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے، قرضوں کی واپسی کی مدت 5 سال ہوگی اور واپسی کا عمل قرضے لینے کے دوسرے سال سے شروع ہوگا۔

معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ 395 ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا جائے گا، سیاحوں کو اپنے گھروں کے احاطوں میں رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے خواہشمند افراد 2 کمرے تعمیر یا پہلے سے دستیاب کمروں کی تزین و آرائش کر سکیں گے، ان کمروں میں سیاحوں کے لیے واش رومز، کچن اور دیگر تمام سہولیات دستیاب ہوں گی، ابتدائی طور پر یہ منصوبہ ضلع اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات میں شروع کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ان مواقع کا موثر استعمال عمل میں لا کر ناصرف صوبے کی آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جاسکتے ہیں، ہوم سٹے ٹورازم صوبے میں سیاحت کے فروغ اور مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا بہترین منصوبہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close