بالی ووڈ کے سپر سٹار سلمان خان نے حالیہ شو بگ باس سیزن 18 کی شوٹنگ کے دوران انکشاف کیا کہ وہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کی دھمکیوں کی وجہ سے شوٹ پر آنے کے حق میں نہیں تھے تاہم انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ کمٹمنٹ کی وجہ سے شوٹنگ جاری رکھی۔
بگ باس کے “ویکینڈ کا وار” ایپیسوڈ میں سلمان خان نے گھر کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “قسم خدا کی یار، جو کچھ میرے ساتھ ہو رہا ہے، مجھے یہاں نہیں آنا تھا۔ لیکن یہ ایک کمٹمنٹ ہے، اس لیے آیا ہوں، یہ میرا کام ہے اور میں اسے پورا کرنے آیا ہوں، حالانکہ فی الحال کسی سے ملنے کا دل نہیں چاہتا۔”
سلمان خان کی سیکیورٹی میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بشنوئی گینگ کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کے بعد، 60 سے زائد سیکیورٹی گارڈز سیٹ پر موجود ہوتے ہیں، اور ہر شخص کی آدھار کارڈ کے ذریعے شناخت ضروری قرار دی گئی ہے۔ممبئی پولیس نے سلمان خان کو باہر شوٹ کرنے سے منع کیا ہے اور انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ ان دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں