پی ٹی آئی احتجاج میں شرکت کرنے پر 4 بچوں کو جیل بھیج دیا گیا

راولپنڈی (پی این آئی) پی ٹی آئی راولپنڈی احتجاج میں شرکت کرنے پر 4 بچوں کو جیل بھیج دیا گیا، چاروں بچوں کو لیاقت باغ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد 4 بچوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔فیصلہ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سنایا۔ چاروں بچوں کو 28 ستمبر کو لیاقت باغ سے احتجاج کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ پیر کے روز انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں لیاقت باغ راولپنڈی کے مقام پر 28ستمبر کو احتجاج کے دوران گرفتار 100سے زائد رہنماؤں و کارکنان کو پیش کیا گیا۔مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

ملزمان کے وکلا ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک اور عاقل خان لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ ملزمان کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت میں دلائل دئیے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق، پشاور کی 80سالہ معمر خاتون روشن بی بی سمیت سات خواتین کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔پی ٹی آئی خاتون رہنما سمابیہ طاہر کا چار روز جسمانی ریمانڈ منظور کرکے عدالت نے پولیس کی تحویل میں دے دیا جبکہ عدالت نے گرفتار چار کمسن بچوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں