پاک فوج میں کسی کواحتساب سے استثنیٰ حاصل نہیں، کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف کا دوٹوک موقف

راولپنڈی(پی این آئی ) آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں فورم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کے ہر شخص کی وفاداری ملک اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور کسی کو بھی احتساب سے استشنیٰ حاصل نہیں ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ جس میں شرکاءِ کانفرنس کی شہداء کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

فورم نے پاکستان کے امن و استحکام کیلئے شہداء افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت کیا جبکہ خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

فورم نے ملک میں، خصوصاََ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سرگرم ملک دشمن قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر اور ان کے پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہو لت کاروں کی سر گرمیوں اور اس کے تدارک کے لئے اٹھائے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا۔

کور کمانڈرز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ”پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے انسداد دہشتگردی کے لیے قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی‘‘۔ فورم نے اس بات پر زور دیا کہ ”فوج ایک منظم ادارہ ہے جسکے ہر فرد کی پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے، پاک فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے،جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثنی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی‘‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں