آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم قرار، سیلابی صورتحال کا خطرہ

لاہور(پی این آئی) آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

دریائے چناب میں مرالہ خانکی اور قادرآباد میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ دریائے چناب میں سیلابی پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے اڑھائی لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔ دریائے راوی میں جسر اور شاہدرہ کے مقام سے 40 ہزار سے 55 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزرے گا۔ نالہ بئیں میں درمیانے درجے کا سیلاب اور پلکو میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ دریائے چناب، راوی اور ندی نالوں سے ملحقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو ممکنہ خطرے بارے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ دریاؤں کے پاٹ میں مقیم شہریوں کا انخلاء یقینی بنایا جائے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ دریاؤں و ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔

ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ حکومت پنجاب فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے آپ نے اپنی جانوں و املاک کو خطرے میں ہرگز نہیں ڈالنا۔ تمام دریاؤں بیراجز ڈیمز اور نالہ جات میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں