عمر ایوب نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں چوری کا الزام عائد کر دیا

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ڈی سیل کردیا جبکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے الزام عائد کیا ہے کہ دفتر سے ٹی وی، کمپیوٹرز، کیمرے، دستاویزات چوری کرلیے گئے۔

 

 

ڈیوٹی مجسٹریٹ نے عدالتی حکم پر پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کو ڈی سیل کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے آفس کو سیل کرنے کو کالعدم قرار دیا تھا، تحریک انصاف کے سینٹرل سیکرٹریٹ کو 22 جولائی کو سیل کیا تھا۔ واضح رہے کہ عدالتی فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی نے سی ڈی اے سے اتفاق کیا تھا کہ وہ آگ بجھانے کے آلہ جات ہر فلور پر نصب کریں گے، چھت پر فائر پمپ، الگ سے پانی کا ٹینک، مینوئل الارم سسٹم نصب کریں گے۔جبکہ عمارت کے باروچی خانے (کچن) کی حفاظت کے لئے گیس ڈیٹیکٹر، ایمرجنسی نمبر آویزاں کئے جائیں گے اور عمارت میں بجلی کی باقاعدہ وائرنگ بھی کی جائے گی۔

 

 

 

پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ڈی سیل ہونے کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ دفتر ڈی سیل ہونے پر صورتحال کا جائزہ لیا ہے، ٹی وی، کمپیوٹرز، کیمرے، دستاویزات چوری کرکے لے گئے۔انھوں نے کہا کہ دفتر کی صورتحال دیکھ کر لگا کوئی قلعہ فتح کر لیا گیا ہو، روف حسن کے پرس سے پیسے نکال کر لے گئے، آئی جی، سی ڈی اے چئیرمین و دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں گے۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ جب تک یہ اپنی نوکریاں کریں گے، ایف آئی آر ان کا پیچھا کرے گی، بہت سے لوگوں کو معافیاں مانگتے دیکھا مگر ان کو معافی نہیں ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر جاکر سی ڈی اے فائر ڈیپارٹمنٹ کا جائزہ لیا جائے تو وہاں چار ٹانگوں والے چوہے گھومتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں