اسلام آباد(پی این آئی)شیر افضل مروت نے سینئر پی ٹی آئی رہنما کو قبضہ مافیا قرار دے دیا۔۔۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے عمر ایوب کے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شبلی فراز سے استعفیٰ کامطالبہ کردیا ہے۔عمر ایوب کے استعفے کے اعلان کے بعد اپنے ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی کے اہم عہدوں پر فائز چند دیگر افراد کو بھی ان کی پیروی کرنی چاہیے۔ شبلی فراز کے استعفے سے ہی پارٹی قبضہ مافیا کے چنگل سے آزاد ہوگی۔اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ شبلی فراز کو ہٹایا گیا تو وعدہ کرتا ہوں کہ پارٹی وقت کی ضرورت کے مطابق اٹھے گی،
پارٹی کارکن مجھے میدان میں چاہتے ہیں تو میرے مطالبے کے حق میں آواز بلند کریں۔انہوں نے پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایک بھی کام پورا کرنے میں ناکام رہی، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں اور مینڈیٹ کی بازیابی ابھی دور ہے، ہماری خواتین اور رہنما جیلوں میں بند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام کو ایک عظیم تحریک کیلئے متحرک کرنے میں ناکام رہے ہیں، بلے کے نشان اور مخصوص نشستوں سمیت کئی مثالیں ہیں جہاں پارٹی قیادت ناکام رہی۔شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹیاں فیورٹ پر مشتمل ہوتی ہیں، پارٹی کے فیصلے میرٹ پر نہیں ہوتے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
عمر ایوب نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا خط ٹوئٹ کیا جبکہ انہوں نے چیئرمین مرکزی فنانس بورڈ پی ٹی آئی کے عہدے سےبھی استعفیٰ دے دیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات سامنے آئے تھے اور 21 ارکان قومی اسمبلی نے الگ گروپ بنانے کا عندیہ دیا تھا۔اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھاکہ شہریار آفریدی کے استعفیٰ سے متعلق بیان کے بعد27 سے زائد ممبران نے استعفوں پر مشاورت کی جبکہ شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت سمیت متعدد ممبران نے پارٹی قیادت کی نااہلی پراحتجاج بھی کیا تھا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں