صوابی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ تین روز سے خیبر پختونخوا اور بالخصوص صوابی میں بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، صوبے کی عوام سے عمران خان کو ووٹ دینے کا بدلہ لیا جارہا ہے۔
اپنے بیان میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ لوگوں کا قربانی کا گوشت خراب ہورہا ہے، اپنے ضلع کی تنظیم کی میٹنگ بلائی ہے، بس بہت ہوگیا، انہوں نے ساری حدیں پار کردیں، ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کا احترام کیا ہے، ہماری زمینوں پر تربیلا ڈیم بنا ہے اور غازی بروتھا کے ذریعے ہم سے پانی چھینا گیا۔سابق سپیکر کا مزید کہنا تھا کہ اس سب کے باوجود لوڈشیڈنگ اور لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ فورس شیڈنگ بھی کی جارہی ہے، اس بار عید کے موقع پر بھی عوام کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف نہیں دیا گیا، اسمبلی کے فلور پر بھی احتجاج ہوگا اور عوام میں بھی جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں لوڈشیڈنگ اور مہنگی بجلی منظور نہیں ہے، بجٹ تقریر میں بھی اس ایشو کو اجاگر کروں گا، یہ ظلم بند کریں عوام کو ریلیف دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں