عمران خان کیخلاف جعلی مقدمات بنانیوالوں کا حساب لیں گے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا بڑا اعلان

پشاور(پی این آئی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف جعلی مقدمات بنائے گئے جو اب ختم ہو رہے ہیں، مقدمات بنانے کا حساب لیں گے۔

پشاور میں بی آر ٹی کے ناصر باغ روٹ ڈی آر 14 کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کی کوئی حیثیت نہیں کہ میرے بارے میں بات کریں، کل کو انہیں گورنر ہاو¿س سے نکال دوں گا۔انہوں نے کہا کہ گورنر سے میری کوئی رشتے دار ی نہیں ہے، چور میرے رشتہ دار نہیں ہیں، میں اس رشتے داری کو تسلیم ہی نہیں کرتا، گورنر بھی چور اور اس کا لیڈر بھی چور ہے، گورنر کی گاڑیاں بھی بند کردوں گا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ گورنر کی حیثیت یہ ہے کہ یہ ہم تینوں بھائیوں سے ہارا ہے، بلاول بھٹو کو کس بنیاد پر آکسفورڈ میں داخلہ ملا تھا، قوم کو بتائیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پشاور میں معیاری ٹرانسپورٹ ضروری ہے، مزید روٹس پر بھی سستی ٹرانسپورٹ شروع کریں گے، پختونخوا کے منصوبے وفاقی بجٹ سے ختم کرنا کم ظرفی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں، ہم احتجاج کے لئے تیار ہیں، یہ ہمارے سروں پر سوار ہیں اور سر سے اتارنا ہم جانتے ہیں، ہم محاذ آرائی نہیں کررہے بلکہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں