اسلام آباد (پی این آئی) آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی بیٹھک میں اہم فیصلے کرلیے گئے، سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی اور پنجاب حکومت کے اخراجات کم کرنے اور 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جاتی امراء لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت آئندہ بجٹ کے حوالے سے ساڑھے 3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک، اویس لغاری، عطاء تارڑ اور رانا تنویر حسین سمیت دیگر شریک ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، وفاقی و صوبائی محکموں کے مختلف سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل مشاورتی اجلاس میں آئندہ بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے اقدامات کی تجاویز پر مشاورت کی گئی، وفاقی و صوبائی سطح پر عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات بارے تجاویز لی گئیں۔اجلاس میں شرکت کرنے والے وفاقی وزراء اور سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے ممکنہ ریلیف کے اقدامات کی تجاویز پیش کیں، پارٹی قائدین نے بھی عوام کو ہر ممکنہ ریلیف دینے بارے اپنی اپنی تجاویز شرکاء کے سامنے رکھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں