شیر افضل مروت کو کیوں نکالا؟ عمران خان نے واپسی کیلئے شرط بھی بتا دی

اسلام آباد(پی این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان کاکہنا ہے کہ شیر افضل مروت کو کئی مرتبہ سمجھایا کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرے ، وہ ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پارٹی لیڈر پر چڑھائی کر دیتا تھا۔

عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازعہ بیان دیا۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کے لیے بہت کام کیا ہے، لیکن انہیں پارٹی پالیسی کی بار بار خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے تھی، وہ اب بھی پارٹی پالیسی کے مطابق چلے تو کوئی ایشو نہیں ہے۔ اس موقع پر صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ کیا آپ شیرافضل مروت کو ملاقات کے لیے بلائیں گے؟ جس پر بانی پی ٹی آئی سوال کا جواب دیے بغیر چلے گئے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس پارٹی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب کی جانب سے جاری کیا گیاجس میں کہا گیا کہ آپ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پارٹی کے مفادات کو نقصان پہنچا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے باوجودآپ نے بیانات دیے۔ علاوہ ازیں چند روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں شیر افضل مروت سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں