راولپنڈی (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو سلو پوائزننگ دی جارہی ہے، کچھ ہوا تو طاقتور لوگ ذمہ دار ہوں گے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ قابل مذمت ہے، انہیں ایک کمرے تک محدود کر رکھا ہے ہمیں ان کی صحت کے حوالے سے خدشات لاحق ہیں، ہمارا مطالبہ ہے ان کا میڈیکل چیک اپ کروایا جائے، عمران خان نے آج کہا ہے اگر ان کی اہلیہ کو کچھ بھی ہوا تو ذمہ دار وہ لوگ ہوں گے جو بشریٰ بی بی کے کمرے کی نگرانی کررہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہمیں خدشہ ہے بشریٰ بی بی کو زہر دیا جا رہا ہے، خان صاحب نے کہا ہے کہ بی بی کو کچھ ہوا تو اس زہر دینے کے ذمہ دار اس ملک کے طاقتور حلقے ہوں گے جب کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ججز کے خط پر سوموٹو کو عمران خان نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیس پر فل کورٹ بنائی جائے لارجر بنچ اس کیس کو سنے اور جائزہ لے شکایات کا تاکہ آئندہ کوئی بھی عدلیہ کے معاملات میں مداخلت نہ کرسکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں