آصفہ بھٹو کی کامیابی کو کس نے متنازعہ بنا دیا؟ پیپلزپارٹی رہنما سعید غنی پھٹ پڑے

کراچی (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم نے کسی امیدوار کو اغوا نہیں کیا، پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر آصفہ بھٹو کی فتح کو متنازعہ بنادیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیر محمد رند نے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل ہی نہیں کی، الزام لگا رہے ہیں کہ ان کے امیدوار کو ہم نے کہیں غائب کردیا، حالاں کہ نواب شاہ کی نشست پر پیپلزپارٹی ہمیشہ جیتی ہے، 2018 میں بھی پیپلز پارٹی نے اس نشست سے کامیابی حاصل کی تھی، 2018 میں آصف زرداری نے اسی سیٹ سے ایک لاکھ 8 ہزار ووٹ حاصل کیے۔ سعید غنی نے کہا کہ کچھ مخالفین آصفہ بھٹو کی کامیابی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں، اسی نشست پر 2013ء میں عذرا فضل پیچوہو 1 لاکھ سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئی تھیں، اس بار آصف علی زرداری کو نواب شاہ کی نشست پر 50 ہزار ووٹوں کی برتری تھی، ضمنی الیکشن کے لیے شیر محمد رند نے اپنے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل ہی نہیں کی، اسی نشست پر شیر محمد رند کے بیٹے کے کاغذات بھی مسترد ہوئے، اس بار نواب شاہ سے 11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الزام لگا رہے ہیں ان کے امیدوار کو ہم نے کہیں غائب کردیا، یہ بے بنیاد الزام لگایا گیا، ہم نے کسی امیدوار کو اغواء نہیں کیا، انہیں پتا تھا اگر الیکشن لڑا بھی تو بہت بری شکست ہوگی۔

انہیں چاہیئے تھا اپنی شکست اور ہماری کامیابی کو دل سے تسلیم کرتے لیکن پی ٹی آئی نے آصفہ بھٹو کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کی، جب مقابلہ ہی نہیں تو ہمیں ایسی حرکت کرنے کی ضرورت ہی نہیں، پی ٹی آئی کو اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، پیپلز پارٹی جب الکیشن میں کامیاب ہوئی تو مخالفین نے احتجاج کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں