پی ٹی آئی چھوڑنا میری غلطی تھی، پی ٹی آئی کے سابق رہنما کا اعتراف، واپسی کا اشارہ دیدیا

کراچی(پی این آئی)سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان تحریک انصاف نہیں چھوڑنی چاہیے تھی، غلط فیصلہ کہیں یا کمزوری جو بھی ہے اب یہی صورتحال ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھاکہ میں نے کوئی استعفیٰ نہیں دیا، نہ استحکام پاکستان پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی، جب آئی پی پی بنی ہمیں دعوت دی گئی تھی، دوستوں کی مدد کرنے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد بہت سارے لوگوں نے پی ٹی آئی چھوڑی، کسی نے دباؤ میں تو کسی نے مرضی سے چھوڑا تو کسی نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر سیاست سے علیحدگی کو ترجیح دی۔ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کو چھوڑنا میرے دل کا فیصلہ نہیں تھا، دماغ کا تھا، میں تحریک انصاف بنانے والوں میں سے ہوں اور اِس وقت میں کسی سیاسی جماعت میں فعال نہیں، اس وقت ریٹائرڈ ہرٹ ہوں، ریٹائرڈ نہیں، سیاست میں واپس آسکتا ہوں۔عمران اسماعیل کا کہنا تھاکہ مجھے پی ٹی آئی نہیں چھوڑنی چاہیے تھی، کچھ غلط تھا تو اسے بہتر کرنا چاہیے تھا، غلط فیصلہ کہیں یا کمزوری جو بھی ہے اب یہی صورتحال ہے۔

جنہوں نے پی ٹی آئی کو نہیں چھوڑا ان کا اپنا فیصلہ تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے جو بھی ذمہ داران ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، 9مئی واقعے پر کئی معصوم لوگ پکڑے گئے۔ایک سوال کے جواب میں سابق گورنر کا کہنا تھاکہ آئی پی پی، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز بنے یا کوئی اور جماعت بنےیہ لوگوں کا حق ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں