عمران خان کیخلاف غداری کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا

اسلام آباد ( پی این آئی) عمران خان کیخلاف غداری کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ آئندہ ہفتے کیس کی سماعت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کیخلاف 2015 سے دائر غداری کیس کو سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آئندہ عدالتی ہفتے میں مقدمات کی سماعت کیلیے پانچ معمول کے مطابق جبکہ ایک پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بنچ آئندہ ہفتے اہم مقدمات پر سماعت کرے گا۔ مذکورہ تین رکنی بینچ ایاز صادق کی جانب سے 2015 میں عمران خان کے خلاف دائر انتخابی غداری کیس کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے ریٹائرڈ یا مستعفی ججز کیخلاف کارروائی کیلئے وفاقی حکومت کی اپیل کو بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیا جس پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ بارہ فروری کو سماعت کرے گا۔

اس کے علاوہ آئندہ عدالتی ہفتے میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل دو رکنی بنچ تشکیل دیا گیا ہے ۔ تین نمبر بنچ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہے، چوتھا عدالتی بنچ جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل ہے اور پانچواں عدالتی بنچ جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close